پاکستان میں جاری مون سون بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چھ افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق، 26 جون سے 9 جولائی تک مون سون بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں مجموعی طور پر 87 افراد جاں بحق، جبکہ 149 زخمی ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق، مون سون سے سب سے زیادہ جانی نقصان خیبر پختونخوا میں ہوا ہے جہاں مختلف حادثات میں اب تک 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں 29، سندھ میں 16، بلوچستان میں 11، جبکہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک شخص کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ، جمعرات کی رات ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ یہ علاقے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، اسلام آباد/راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے متعدد اضلاع (بارکھان، کوہلو، موسی خیل، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، سبی، لورالائی، ژوب، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور، تربت) شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ، مسلسل شدید بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ، وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔