بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے کہا ہے کہ روسی مسلح افواج میں خدمات انجام دینے والے 51 بھارتی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل کے مطابق وکرم مصری نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی فوج میں بھارتی شہریوں کی بھرتی کا معاملہ نئی بات نہیں اور اسے بھارت اور روس کے درمیان مختلف سطحوں پر متعدد مرتبہ اٹھایا جا چکا ہے۔
وکرم مصری کے مطابق ماسکو میں بھارتی سفارتخانہ روسی فوج میں شامل بھارتی شہریوں کی وطن واپسی کے عمل کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور متعلقہ روسی حکام کے ساتھ اس معاملے پر رابطے میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دستیاب معلومات کے مطابق 227 بھارتی شہریوں کے روسی فوج میں شامل ہونے کی اطلاعات ہیں، جن میں سے 139 کو فوجی خدمات سے فارغ کیا جا چکا ہے اور ان کی واپسی کے عمل پر بھی کام کیا گیا ہے۔
بھارتی سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ بدقسمتی سے اب تک 51 بھارتی شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق باقی افراد کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے اور انہیں فوجی خدمات سے نکالنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
بھارت ماضی میں بھی روس سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ بھارتی شہریوں کو روسی فوج میں بھرتی نہ کیا جائے اور پہلے سے شامل افراد کو جلد از جلد واپس بھیجا جائے۔ یہ معاملہ روس اور یوکرین کی جنگ کے دوران متعدد بار دونوں ممالک کے سفارتی رابطوں میں زیرِ بحث آ چکا ہے۔