دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر ایک ہی دن میں 274 کوہ پیماؤں نے کامیاب سے چڑھ کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
نیپال کی ایکسپیڈیشن آپریٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار رشی رام بھنڈاری نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ رواں ہفتے بدھ کے روز موسم صاف ہونے کے باعث بڑی تعداد میں کوہ پیماؤں نے چوٹی سر کی۔ نیپال کی جانب جنوبی راستے سے ایک ہی دن میں یہ سب سے زیادہ کوہِ پیماؤں کا ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے کا ریکارڈہے۔
ماؤنٹ ایورسٹ پر نیپال اور چین کے تبت والے حصے دونوں جانب سے چڑھائی کی جا سکتی ہے، تاہم رواں سال چینی حکام نے اپنی جانب کا راستہ بند رکھا ہوا ہے۔
اس سے قبل 22 مئی 2019 کو نیپال کی جانب سے 223 جبکہ تبت کی جانب سے 113 کوہ پیماؤں نے چوٹی سر کی تھی۔
رواں ہفتے معروف شیرپا گائیڈ کامی ریتا شیرپا نے 32ویں بار ایورسٹ سر کر کے اپنا ہی عالمی ریکارڈ مزید بہتر بنایا۔ ان کے قریب ترین حریف پاسانگ داوا شیرپا نے 30ویں مرتبہ چوٹی سر کی۔
اسی طرح خاتون کوہ پیما لاکپا شیرپا نے 11ویں بار ایورسٹ سر کر کے خواتین میں سب سے زیادہ مرتبہ چوٹی سر کرنے کا اپنا ریکارڈ مزید مضبوط کر لیا۔
رواں سال ایورسٹ پر چڑھائی کا سیزن معمول سے دیر سے شروع ہوا کیونکہ چوٹی تک جانے والے اہم راستے پر برف کا ایک بڑا خطرناک تودہ موجود تھا، جس سے حادثات کا خدشہ تھا۔
حکام کے مطابق اس سال تقریباً 494 کوہ پیما اور اتنی ہی تعداد میں شیرپا گائیڈز ایورسٹ سر کرنے کی کوشش کریں گے، جبکہ مئی کے اختتام پر کوہ پیمائی کا سیزن ختم ہو جائے گا۔
ایڈمنڈ ہلیری اور شیرپا گائیڈ تنزنگ نورگے نے 29 مئی 1953 کو پہلی بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی، جس کے بعد سے ہزاروں افراد یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔