پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے متعدد انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائیاں کیں، جن میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق یہ کارروائیاں “فتنہ الہندوستان” اور “فتنہ الخوارج” سے منسلک دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جاری آپریشنز کا حصہ ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ضلع سوراب میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مستونگ میں ایک الگ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ 2 خواتین خودکش بمباروں اور ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔
فوج کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق بھارتی سرپرستی یافتہ “فتنہ الہندوستان” سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ “عزم استحکام” کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
بیان کے مطابق اس مہم کا مقصد ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنا ہے۔