صدیوں سے کچن کے لازمی جزو ‘زیرہ’ اور ‘سونف’ نہ صرف کھانوں کا ذائقہ بڑھاتے ہیں، بلکہ صحت کے لیے بھی بے شمار فوائد رکھتے ہیں۔ آج کل دنیا بھر میں ڈیٹاکس واٹر کے طور پر ان دونوں اجزاء کا استعمال تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، خاص طور پر وزن کم کرنے اور ہاضمہ بہتر بنانے کے لیے۔
ماہرین کے مطابق، زیرہ اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے، جو میٹابولزم کو تیز کرنے، چربی گھلانے، ہاضمہ درست رکھنے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے۔ یہ پیٹ کی گیس، بدہضمی اور سوزش کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ خون کی کمی دور کرنے میں بھی معاون ہے۔
دوسری جانب سونف فائبر، پوٹاشیم، میگنیشیم اور وٹامن سی کا خزانہ ہے، جو پیٹ کی جلن کم کرنے، پانی کے جمع ہونے سے نجات، سانس کی بدبو دور کرنے اور نیند میں سکون دینے میں مددگار ہے۔ یہ خواتین کی ہارمونل صحت کے لیے بھی مفید سمجھی جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ، اگر ہدف تیز میٹابولزم اور وزن میں تیزی سے کمی ہے تو ‘زیرہ پانی’ بہتر انتخاب ہے، جبکہ پیٹ کی سوجن یا پانی جمع ہونے کی شکایت کی صورت میں سونف پانی زیادہ مؤثر ہے۔ دونوں کو ملا کر ایک طاقتور مشروب بھی تیار کیا جا سکتا ہے۔
مشروب تیار کرنے کا سادہ نسخہ یہ ہے کہ، آدھا چائے کا چمچ زیرہ یا سونف ایک گلاس پانی میں رات بھر بھگو کر رکھیں اور صبح نیم گرم صورت میں پی لیں، یا موسم کے حساب سے ٹھنڈا بھی کر سکتے ہیں۔
معروف بھارتی اداکارہ، نیہا دھوپیا بھی بچے کی پیدائش کے بعد وزن کم کرنے کے لیے زیرہ اور سونف کا پانی دن بھر استعمال کرنے کا انکشاف کر چکی ہیں۔
ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ، یہ مشروب وزن کم کرنے میں مدد تو دے سکتا ہے مگر فٹنس کے لیے متوازن غذا اور جسمانی سرگرمی پھر بھی ضروری ہے۔