سوشل میڈیا پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ صارفین جلد فون نمبر کے بجائے منفرد یوزر نیم کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کی پرائیویسی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق صارفین نے یوزر نیم محفوظ کرانے کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ آئندہ چند ماہ میں یہ سہولت مرحلہ وار تمام صارفین کے لیے متعارف کرائی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کے بعد صارفین چاہیں تو انہیں صرف ان کے یوزر نیم کے ذریعے تلاش کیا جا سکے گا، اور نئے رابطوں کے لیے فون نمبر شیئر کرنا ضروری نہیں ہوگا۔
واٹس ایپ کے نائب صدر برائے مصنوعات ایلس نیوٹن ریکس کے مطابق اس نظام میں کسی قسم کی عوامی ڈائریکٹری یا خودکار تجاویز موجود نہیں ہوں گی۔ کسی صارف سے پہلی مرتبہ رابطہ کرنے کے لیے اس کا درست یوزر نیم معلوم ہونا ضروری ہوگا۔
اب تک واٹس ایپ پر وہی شخص کسی صارف سے رابطہ کر سکتا تھا جس کے پاس اس کا فون نمبر موجود ہو۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا فیچر صارفین کو اپنی ذاتی معلومات مزید محفوظ رکھنے میں مدد دے گا۔
واٹس ایپ کے مطابق یوزر نیم تین سے 35 حروف پر مشتمل ہوگا۔ جعلی شناخت سے بچنے کے لیے مشہور شخصیات، عوامی شخصیات، سرکاری اداروں اور تنظیموں سے متعلق بعض یوزر نیم محفوظ رکھے جائیں گے۔
کمپنی نے یہ بھی کہا ہے کہ انسٹاگرام اور فیس بک پر پہلے سے موجود کاروباری اداروں، تنظیموں اور تخلیق کاروں کو اپنے موجودہ یوزر نیم واٹس ایپ پر محفوظ کرانے کا موقع دیا جائے گا۔