واٹس ایپ نے اے آئی چیٹس کے لیے نیا ’انکوگنیٹو موڈ‘ متعارف کرا دیا

واٹس ایپ نے اپنے اے آئی چیٹ بوٹ کے لیے نیا ’انکوگنیٹو موڈ‘ متعارف کرا دیا ہے، جس کے بعد صارفین کی نجی گفتگو مزید محفوظ ہو جائے گی۔

کمپنی کے مطابق اگر صارف یہ موڈ آن کرے تو چیٹس نہ مانیٹر کی جائیں گی اور نہ ہی بعد میں ان کی ہسٹری محفوظ رہے گی۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد صارفین کو صحت، ذاتی تعلقات، مالی معاملات اور دیگر حساس موضوعات پر زیادہ محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔

واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھ کارٹ کے مطابق بہت سے صارفین اے آئی سے ذاتی نوعیت کے سوالات پوچھتے ہیں، لیکن انہیں یہ خدشہ رہتا ہے کہ ان کی معلومات کمپنی تک پہنچ سکتی ہیں۔ ان کے مطابق نئے فیچر کے بعد گفتگو مکمل طور پر نجی رہے گی۔

دوسری جانب سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی فراڈ، غلط معلومات یا نقصان دہ سرگرمی کی شکایت سامنے آئے تو چیٹ ہسٹری موجود نہ ہونے کی وجہ سے تحقیقات مشکل ہو سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا گزشتہ سال واٹس ایپ میں میٹا اے آئی شامل کر چکی ہے۔ اس وقت بعض صارفین نے اس فیچر پر تنقید بھی کی تھی کیونکہ اسے بند کرنے کا آپشن موجود نہیں تھا۔

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کے مطابق مئی 2025 تک میٹا اے آئی استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک ارب سے زیادہ ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں