ویڈنزڈے سیزن 2 کا سنسنی خیز ٹیزر جاری، ریلیز کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا گیا

نیٹ فلکس کی مشہورِ زمانہ سپر نیچرل ویب سیریز ویڈنزڈے ایڈمز کا سیزن 2 ایک بار پھر ہارر اور تھرل سے بھرپور تفریح کے لیے تیار ہے۔ مداحوں کے طویل انتظار کے بعد نیٹ فلکس نے سیزن 2 کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا ہے، جس نے ناظرین کی بے چینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

ٹیزر کی جھلکیاں بتاتی ہیں کہ نئے سیزن میں کہانی مزید پراسرار، مناظر مزید سنسنی خیز اور کردار مزید دلچسپ ہوں گے۔ ویڈنزڈے ایک بار پھر نیورمور اکیڈمی کا رخ کرتی ہے، لیکن اس بار اس کی واپسی صرف تعلیم کیلئے نہیں بلکہ کچھ گہرے اور تاریک رازوں کی کھوج کیلئے ہے۔

ٹیزر کا آغاز ایک حیران کن منظر سے ہوتا ہے، جہاں ویڈنزڈے (جینا اورٹیگا) ایئرپورٹ سیکیورٹی سے گزرتے ہوئے اپنے کپڑوں میں چھپائے گئے ہتھیار نکالتی ہیں، جس پر سیکیورٹی اہلکار دنگ رہ جاتے ہیں۔ بیگ سے ایک کٹا ہوا ہاتھ اور سن اسکرین کی ٹیوب نکلنے پر سب حیرت میں ڈوب جاتے ہیں، حتیٰ کہ ویڈنزڈے خود بھی۔

اس سیزن میں ویڈنزڈے کے ساتھ اس کے والدین، مورٹیشیا اور گومز ایڈمز بھی دکھائی دیں گے۔ وہ جیسے ہی اسکول پہنچتی ہے، اس کے پرانے دوست اس کا پرجوش استقبال کرتے ہیں، لیکن ویڈنزڈے ہمیشہ کی طرح خاموش، سنجیدہ اور کسی خفیہ مشن پر مرکوز دکھائی دیتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، سیزن 2 کو دو حصوں میں ریلیز کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ 6 اگست 2025 کو اور دوسرا 3 ستمبر 2025 کو نیٹ فلکس پر نشر کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں