ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار سنچری نے بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی کو ایک بار پھر آئی سی سی کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں دوسری پوزیشن دلا دی، جبکہ بھارتی کپتان شبمن گل بدستور سرفہرست ہیں۔
تازہ رینکنگ میں کوہلی 796 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ایک درجے ترقی کرکے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں ناقابل شکست 139 رنز کی اننگز کھیل کر رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر بنائی۔
کوہلی کی اننگز میں 9 چھکے شامل تھے اور یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی 55ویں سنچری تھی۔ دوسری جانب شبمن گل 816 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔
نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل 794 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ سابق بھارتی کپتان روہت شرما 719 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
رینکنگ میں سری لنکا کے کوشال مینڈس نے بھی نمایاں پیش رفت کی ہے۔ 121 رنز کی اننگز کی بدولت وہ تین درجے اوپر آکر کیریئر کی بہترین ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
اس کے علاوہ 27 ستمبر کو ون ڈے کرکٹ میں ایک غیر معمولی ریکارڈ بھی بنا، جب ایک ہی دن چھ سنچریاں اسکور کی گئیں۔ جنوبی افریقا کے ٹیمبا باووما اور ڈیوڈ ملر، ویسٹ انڈیز کے جسٹن گریوز اور انگلینڈ کے ٹام بینٹن نے بھی سنچریاں اسکور کیں۔
بولرز کی درجہ بندی میں جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج تیسرے، بھارت کے کلدیپ یادیو پانچویں جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔