پاکستان نے 20ویں ایشین گیمز کے مردوں کے اسکواش ٹیم ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جنوبی کوریا کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان کی جانب سے محمد اشعب عرفان اور نور زمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلائی، جبکہ ناصر اقبال کو تیسرے میچ میں کھیلنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
مردوں کے سنگلز میں پہلے ہی کانسی کا تمغہ جیتنے والے محمد اشعب عرفان نے پاکستان کو فاتحانہ آغاز فراہم کیا۔ انہوں نے جنوبی کوریا کے جوئیونگ نا کو مسلسل تین گیمز میں 5-11، 8-11 اور 8-11 سے شکست دی۔
عرفان نے پہلے گیم میں ابتدا ہی سے برتری برقرار رکھتے ہوئے 5-11 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ دوسرے اور تیسرے گیم میں جنوبی کوریائی کھلاڑی نے مزاحمت کی۔ تاہم عرفان نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے دونوں گیمز بھی 8-11 کے یکساں اسکور سے جیت لیے۔
دوسرے میچ میں نور زمان نے پاکستان کی کامیابی یقینی بنادی۔ پاکستان کے اعلیٰ درجہ رکھنے والے کھلاڑی نے جنوبی کوریا کے سیوجن اوہ کو چار گیمز میں 4-11، 5-11، 8-11 اور 2-11 سے شکست دی۔
نور زمان نے پہلے دو گیمز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-2 کی برتری حاصل کی، تاہم جنوبی کوریا کے اوہ نے تیسرے گیم میں واپسی کرتے ہوئے 8-11 سے کامیابی حاصل کی۔
چوتھے گیم میں نور زمان نے دوبارہ کھیل پر مکمل گرفت حاصل کی اور 2-11 سے کامیابی سمیٹ کر میچ اپنے نام کرلیا۔
محمد اشعب عرفان اور نور زمان کی فتوحات کے بعد پاکستان کو تیسرے میچ کی ضرورت نہیں پڑی، جس میں ناصر اقبال کو میدان میں اترنا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز کے مردوں کے اسکواش ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔