ازبکستان کی حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے رواں سال کے آخر تک ویزا آن آرائیول (آمد پر ویزا) کی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
ان اطلاعات کے مطابق ازبکستان اور پاکستان کے صدور کے درمیان سیاحتی ویزوں سے متعلق بات چیت جاری ہے، اور ویزا پالیسی کو آسان بنانے پر پیش رفت ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے ازبکستان کی کنٹری ریپریزنٹیٹو، البینا مرتضیٰ نے تصدیق کی کہ دونوں ممالک کے صدور اس سہولت پر کام کر رہے ہیں تاکہ پاکستانی سیاحوں کو براہِ راست ازبکستان پہنچ کر ویزا مل سکے۔
اس وقت پاکستانی سیاحوں کو ازبکستان جانے کے لیے اسلام آباد میں واقع ازبک سفارت خانے سے ویزا حاصل کرنا پڑتا ہے، جو کافی پیچیدہ اور وقت طلب مرحلہ ہوتا ہے۔ لیکن ویزا آن آرائیول کی سہولت سے سیاحوں کو اس جھنجھٹ سے نجات مل جائے گی۔
اس کے علاوہ ایک اور خوش آئند پیش رفت یہ ہے کہ ازبک حکومت اگلے دو سے تین ماہ میں ای ویزا کی سہولت بھی متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کے بعد پاکستانی شہری آن لائن طریقے سے بآسانی ویزا حاصل کر سکیں گے۔
ازبکستان کی نئی حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے پالیسیوں میں نرمی کر رہی ہے، اور مستقبل قریب میں پاکستانیوں کو ویزے کے مسائل کے بغیر ازبکستان کی سیاحت کا بھرپور موقع ملنے کی امید ہے