ازبکستان اور جاپان کے درمیان صحت، تعلیم اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

جاپان کے بین الاقوامی تعاون کے ادارے جائیکا (JICA) نے ازبکستان میں صحت، اعلیٰ تعلیم، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور نجی سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ ادارے کی سینئر نائب صدر کاتسورا میازاکی نے کہا کہ جاپان آنے والے برسوں میں ازبکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں اپنا کردار مزید مضبوط کرے گا۔

کاتسورا میازاکی نے اپنے دورۂ ازبکستان کے دوران تاشقند میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں، جن میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل میں مالی تعاون کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جاپانی وفد نے سمرقند، فرغانہ اور کوکند میں مختلف ترقیاتی اور تعلیمی منصوبوں کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران کوکند شہر میں ازبکستان جاپان سینٹر کی نئی شاخ کا افتتاح کیا گیا، جہاں ابتدائی طور پر نوجوانوں کو جاپانی زبان سکھانے پر توجہ دی جائے گی۔

جائیکا کے مطابق، ازبکستان جاپان سینٹر گزشتہ 25 برسوں سے کاروباری تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دے رہا ہے۔ اس کے مینجمنٹ پروگرام سے اب تک 2 ہزار 600 سے زائد افراد تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

کاتسورا میازاکی نے کہا کہ جاپان ازبکستان میں جدید تحقیق، زرعی ترقی، نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت اور خواتین کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے میں بھی تعاون جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کا مقصد پائیدار ترقی اور عوام کے لیے بہتر معاشی مواقع پیدا کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں