ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو رواں ماہ کے آخر میں ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونے والے چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور حاقان فیدان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں حالیہ علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ اجلاس میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ اسحاق ڈار نے دعوت قبول کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے گزشتہ ہفتے بھی رابطہ کیا تھا اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت کی جانب پیش رفت کا خیرمقدم کیا تھا۔
استنبول میں ہونے والا اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہوگا جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ اپریل کی جنگ بندی کے اعلان سے قبل بھی دو اجلاس کر چکے ہیں۔ پہلا اجلاس مارچ میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض جبکہ دوسرا پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہوا تھا۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ آخری مرتبہ جون میں ملے تھے، جہاں انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کیا تھا۔