ترکیہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے ساتھ طے پانے والا سہ فریقی دفاعی معاہدہ کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں ہے۔
ترکیہ کے صدارتی شعبہ اطلاعات کے سربراہ برہان الدین دوران نے جمعہ کو ترک سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوسیال پر کہا کہ ‘مکہ معاہدہ’ تینوں ممالک کی مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاعی صلاحیت کو مضبوط کرے گا اور خطے میں امن و استحکام کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے اس معاہدے کو ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کی مشترکہ تاریخ، گہرے برادرانہ تعلقات اور مضبوط یکجہتی کو اسٹریٹجک بنیادوں پر مزید مستحکم کرتا ہے۔
برہان الدین دوران کے مطابق صدر رجب طیب ایردوان کی قیادت میں ترکیہ دوست اور برادر ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کے ذریعے علاقائی اور عالمی امن، سلامتی اور استحکام میں کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ تینوں ممالک کے مشترکہ اقدار کے تحفظ اور باہمی یکجہتی کے ذریعے مستقبل کے سکیورٹی ڈھانچے کی تعمیر کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ تینوں برادر ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا اور ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ بھائی چارے اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔