پاکستان: عید الفطر کیلئے ٹرین کرایوں میں کمی، پانچ خصوصی ٹرینوں کا شیڈول جاری

پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے، حنیف عباسی نے عید الفطر کے موقع پر مسافروں کیلئے ٹرین کے کرایوں میں ریلیف کا اعلان کر دیا ہے۔ وازرت ریلوے کے مطابق، عید کے موقع پر ٹرین کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کی جائے گی۔

وزارت ریلوے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ، کرایوں میں کمی کا اطلاق تمام میل، ایکسپریس اور انٹرسٹی مسافر ٹرینوں پر ہوگا۔

کرایوں میں کمی کا اطلاق عید کے تینوں دنوں کی بکنگ پر ہوگا، جبکہ خصوصی عید ٹرینوں کے کرایوں کے پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ، خصوصی رعایت کا مقصد عید کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ریلوے کی جانب سے عوام کے لیے عید پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پہلی اسپیشل ٹرین 26 مارچ کو کراچی کینٹ سے براستہ ملتان، ساہیوال اور لاہور روانہ ہوگی، دوسری اسپیشل ٹرین 26 مارچ کو کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی، جبکہ تیسری اسپیشل ٹرین 27 مارچ کو لاہور سے براستہ ملتان اور کراچی روانہ ہوگی۔

چوتھی اسپیشل ٹرین 27 مارچ کو کراچی سے راولپنڈی روانہ ہوگی جبکہ پانچویں اسپیشل ٹرین 28 مارچ کو کراچی کینٹ سے براستہ ملتان اور لاہور روانہ ہوگی۔

یہ پانچ خصوصی ٹرینیں اکانومی، اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ کلاس پر مشتمل ہوں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں