بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کے قتل کی جھوٹی اطلاع دے کر ممبئی پولیس کو چوکنا کرنے والے شخص کو پنجاب سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے الزام لگایا تھا کہ اس نے اداکار کو قتل کرنے کے لیے اسلحہ اور دو لاکھ روپے کی ادائیگی کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، گرفتار شخص کی شناخت منیش کمار سوجیندر سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر 35 برس ہے اور وہ ریاست پنجاب کے ضلع کپورتھلا کا رہائشی ہے۔
پیر کے روز منیش کمار نے ممبئی پولیس کے کنٹرول روم میں فون کر کے دعویٰ کیا کہ ایک پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی “ٹریگ” کے افراد ٹائیگر شروف کو قتل کرنے کے ارادے سے نکل چکے ہیں۔ مزید یہ کہ اس نے خود اس مقصد کے لیے اسلحہ اور 2 لاکھ روپے فراہم کیے ہیں۔
کال موصول ہوتے ہی ممبئی پولیس اور سکیورٹی ادارے فوری حرکت میں آ گئے، لیکن تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ یہ اطلاع من گھڑت اور جھوٹی ہے۔
پولیس نے منیش کمار کے خلاف مقدمہ درج کیا اور تکنیکی ذرائع سے اس کی لوکیشن کا پتا لگا کر اسے پنجاب کے علاقے کپورتھلا سے گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ ممبئی میں ایک سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا، لیکن کمپنی کی جانب سے تنخواہ نہ ملنے پر بدلہ لینے کے لیے اس نے پولیس کو گمراہ کن اطلاع دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات نہ صرف عوام میں خوف و ہراس پھیلاتے ہیں بلکہ سکیورٹی ایجنسیوں کا قیمتی وقت بھی ضائع کرتے ہیں۔ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔