ٹیانا ٹیلر کا کہنا تھا کہ ڈی کیپریو سنجیدہ کردار میں بھی مزاحیہ لگتے ہیں، سیٹ پر رہنمائی بھی کی، دوستی کا رشتہ بن گیا۔
امریکی گلوکارہ اور اداکارہ ٹیانا ٹیلر نے ہالی ووڈ کے معروف اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کے ساتھ اپنی آنے والی فلم “ون بیٹل آفٹر اینادر” میں کام کرنے کے تجربے پر بات کی ہے۔ ٹیانا کا کہنا ہے کہ لیونارڈو نہ صرف ایک بڑے اداکار ہیں بلکہ سیٹ پر ان کا انداز دوستانہ اور ہنسانے والا بھی ہوتا ہے۔
ٹیانا ٹیلر نے ای نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا، مجھے کوئی خاص حیرانی نہیں ہوئی، کیونکہ آخر وہ لیونارڈو ڈی کیپریو ہیں۔ لیکن ان کی یہ بات ضرور خاص لگی کہ وہ سنجیدہ مناظر میں بھی مزاحیہ محسوس ہوتے ہیں۔
ٹیانا اور ڈی کیپریو کی پہلی ملاقات گلوکارہ ڈیانا روس کی سالگرہ کی تقریب میں ہوئی تھی۔ ٹیانا نے بتایا کہ وہ شو سے لطف اندوز ہو رہی تھیں جب انہیں احساس ہوا کہ لیونارڈو ان کے پیچھے کھڑے ہیں۔ دونوں نے ایک دوسرے کو دیکھا، ہنسے اور پھر بات چیت شروع ہوئی۔ ٹیانا نے کہا کہ اسی لمحے ہماری دوستی کی شروعات ہوئی اور اب ہم الگ نہیں رہتے۔
ڈی کیپریو نے بھی ٹیانا کی تعریف کرتے ہوئے کہا، “ہم پہلی بار مذاق کرتے ہوئے ملے تھے۔ اس کا مزاح بہت زبردست ہے، انکا کہنا تھا جب میں نے سنا کہ ٹیانا کو فلم کے لیے چنا جا رہا ہے تو میں نے سوچا، یہ لڑکی واقعی کمال کرے گی اور اس بات کو ثابت کیا۔
ٹیانا نے بتایا کہ شروع میں وہ لیونارڈو کو دیکھ کر کچھ گھبرا گئی تھیں، لیکن جلد ہی وہ آرام دہ ہو گئیں۔ انہوں نے ڈی کیپریو کو ایک “رہنما اور بہترین ساتھی” قرار دیا۔ ٹیانا کا کہنا تھا کہ ڈی کیپریو فلم کے دوران نہ صرف سنجیدگی سے کام کرتے ہیں بلکہ ماحول کو خوشگوار بھی رکھتے ہیں۔
ون بیٹل آفٹر اینادر رواں سال 26 ستمبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے، جس کے ہدایتکار مشہور فلم ساز پال تھامس اینڈرسن ہیں۔ اس فلم میں لیونارڈو ڈی کیپریو اور ٹیانا ٹیلر مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے، جہاں ڈی کیپریو، ٹیانا کے رومانوی ساتھی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔