نائجر میں دہشتگردوں کا مسجد پر حملہ، 44 افراد جاں بحق

افریقی ملک نائجر کے ایک دیہی قصبے میں دہشتگردوں کے مسجد پر حملے میں 44 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حملہ جمعہ کے روز کوکورو نامی قصبے میں اس وقت ہوا جب نمازی مسجد میں عبادت میں مصروف تھے۔ وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق دہشتگردوں نے مسجد کو گھیر کر اندھا دھند فائرنگ کی اور لوگوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

حملہ آوروں نے صرف مسجد ہی کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ مقامی بازار اور رہائشی گھروں کو بھی آگ لگا دی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

نائجر کی وزارت داخلہ نے اس المناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے حملہ آوروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ حکومت نے واقعے کے بعد ملک میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کو علاقے میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ مزید حملوں کو روکا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں