پاکستان نے اسپانسرڈ افغان باشندوں کی آبادکاری کے لیے متعلقہ ممالک کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق، غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکی باشندوں کو ان کے ملک واپس بھیجنے کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں افغان شہریوں سمیت تمام غیرقانونی مقیم افراد کو ملک بدر کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں موجود 781 غیرقانونی افغان شہریوں کو طورخم کے راستے افغانستان واپس بھیجا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ، غیرملکیوں کو غیرقانونی فارنر ریپیٹریشن پلان کے تحت ملک بدر کیا جا رہا ہے، تاہم وہ افغان پناہ گزین جو کسی اسپانسرڈ ملک میں آبادکاری کے منتظر ہیں، انہیں فی الحال بے دخل نہیں کیا گیا۔ وزارت خارجہ نے ایسے اسپانسرڈ ملکوں کو افغان باشندوں کی آبادکاری کے حوالے سے مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ اگر ان ممالک نے عبوری طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کو اپنے ملک میں بلانے کے اقدامات نہ کیے تو انہیں بھی ملک بدر کر دیا جائے گا۔
پاکستان کی جانب سے موقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ، ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کی موجودگی قومی سلامتی اور داخلی استحکام کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے، جس کے پیش نظر انہیں واپس بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھا جا رہا ہے۔
اس سے قبل خبریں زیرگردش تھیں کہ، وفاقی حکومت نے افغان باشندوں کو تین مراحل میں ملک بدر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے لیکن یہ سب کچھ غیر اعلانیہ طور پر کیا جائے گا۔