اسپائیڈر وینز: صرف خوبصورتی کا مسئلہ یا کسی بیماری کی علامت؟

اسپائیڈر وینز ایک عام طبی مسئلہ ہے جو خاص طور پر ٹانگوں پر باریک نیلی، سرخ یا جامنی رگوں کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ بظاہر یہ صرف خوبصورتی کا مسئلہ محسوس ہوتا ہے، لیکن ماہرین کے مطابق بعض اوقات یہ خون کی روانی میں خرابی کی ابتدائی علامت بھی ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ خواتین میں مردوں کے مقابلے میں زیادہ پایا جاتا ہے۔ حمل، ہارمونز میں تبدیلی، موٹاپا اور زیادہ دیر تک کھڑے رہنا اس کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔

ماہرینِ صحت کے مطابق اسپائیڈر وینز کی ابتدائی علامات میں ٹانگوں میں بھاری پن، ہلکا درد، جلن، سوجن اور جلد پر جالی نما رگوں کا نمایاں ہونا شامل ہے۔ بعض افراد کو زیادہ دیر بیٹھنے یا کھڑے رہنے کے بعد تکلیف زیادہ محسوس ہوتی ہے۔

ویسکولر اسپیشلسٹس کے مطابق اگر بروقت توجہ نہ دی جائے تو یہ مسئلہ بعد میں ویرکوز وینز اور خون کی خراب روانی جیسی پیچیدگیوں کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر مریض کو لیزر یا سرجری کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ابتدائی مرحلے میں ورزش، روزانہ چہل قدمی، وزن کم کرنے اور کمپریشن اسٹاکنگز استعمال کرنے سے کافی فائدہ ہو سکتا ہے۔

جبکہ زیادہ پیچیدہ صورتوں میں لیزر تھراپی اور اسکلروتھراپی جیسے جدید علاج استعمال کیے جاتے ہیں۔

ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود غیر مستند مشوروں یا گھریلو ٹوٹکوں پر انحصار نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر ٹانگوں میں شدید درد، مسلسل سوجن یا جلد کا رنگ بدلنے جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں