جنوبی کوریا کے شہر پوچیون میں جاری فضائی مشقوں کے دوران ایک جنگی طیارے نے غلطی سے شہری آبادی پر بم گرا دیے، جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، جنوبی کورین ایئر فورس کے FK-16 فائٹر جیٹ نے تربیتی پرواز کے دوران 8 بم گرائے، جن میں سے 7 بم ناکارہ ثابت ہوئے، تاہم ایک بم کے دھماکے نے تباہی مچا دی۔ رپورٹس کے مطابق، دھماکے کی زد میں آ کر متعدد مکانات اور ایک چرچ کو نقصان پہنچا، جبکہ سکیورٹی فورسز فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ناکارہ بموں کو ناکارہ بنانے میں مصروف ہیں۔
واقعے کے بعد جنوبی کورین ایئر فورس نے سرکاری سطح پر معذرت کرتے ہوئے متاثرہ شہریوں کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق، واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔