سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا سب سے طاقتور قرار دے دیا گیا، جبکہ پاکستان کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔
عالمی ادارے Henley Passport Index (ہینلی پاسپورٹ انڈیکس) نے پاسپورٹس کی نئی درجہ بندی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سنگاپور ایک بار پھر دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ بن گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور کے شہری بغیر ویزا 192 ممالک کا سفر کر سکتے ہیں، جو دنیا میں سب سے زیادہ رسائی ہے۔
فہرست میں دوسرے نمبر پر جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر شامل ہیں، جہاں کے شہری 187 ممالک تک بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
اس کے بعد ناروے اور سوئٹزرلینڈ 185 ممالک تک رسائی کے ساتھ نمایاں ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپی ممالک مجموعی طور پر پاسپورٹ کی طاقت میں سرفہرست ہیں، جبکہ یورپی یونین کے شہری اوسطاً 183 ممالک تک بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب کمزور پاسپورٹس کی فہرست میں افغانستان سب سے نچلے نمبر پر ہے، جہاں کے شہری صرف 23 ممالک تک بغیر ویزا جا سکتے ہیں۔ اس کے بعد شام دوسرے اور عراق تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق کمزور پاسپورٹس کی بڑی وجوہات میں سیاسی عدم استحکام، تنازعات اور ہجرت کے بڑھتے رجحانات شامل ہیں۔