پاکستان: حکومت سندھ کا سماجی رہنما عبدالستار ایدھی پر بائیو پک بنانے کااعلان

پاکستان کے صوبہ سندھ کی حکومت نے معروف سماجی رہنما اور ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی، مرحوم عبدالستار ایدھی کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اعلان کا مقصد ان کی بے مثال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور نئی نسل کو ان کے کردار سے روشناس کروانا ہے۔

یہ اعلان صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں منعقدہ فلم فیسٹیول کے دوران کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ، بھارت فلموں کو مؤثر انداز میں اپنی سوچ اور بیانیے کو دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے استعمال کر رہا ہے، جبکہ پاکستان میں سینما اور فلم کو وہ توجہ اور مقام نہیں مل سکا جو اسے ملنا چاہیے۔

شرجیل میمن نے اس بات پر زور دیا کہ، پاکستان میں تاریخ، سماجی جدوجہد اور قومی ہیروز سے بھرپور بے شمار کہانیاں موجود ہیں، جنہیں فلموں کے ذریعے اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ، ایسی فلمیں نہ صرف قومی شعور میں اضافہ کریں گی، بلکہ نوجوانوں کو ان افراد سے جوڑیں گی جنہوں نے ملک و قوم کی خدمت میں اپنی زندگیاں وقف کر دیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ، سندھ حکومت نے اس سلسلے میں معروف فلمساز، ستیش آنند کے ساتھ اشتراک کیا ہے، تاکہ عبدالستار ایدھی کی زندگی پر فلم تیار کی جا سکے۔ تاہم فلم کی کاسٹ، ریلیز کی تاریخ یا اسکرپٹ کے حوالے سے مزید تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں