ویسٹ انڈیز کے کپتان شائے ہوپ نے بھارت کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دھواں دار سنچری بنا کر کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے، جبکہ کرس گیل کا ایک اہم ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
حیدرآباد میں کھیلے گئے مقابلے میں شائے ہوپ نے صرف 50 گیندوں پر ناقابلِ شکست 102 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 9 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے، جن کی بدولت وہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تین سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔ اس سے قبل کرس گیل اور ایون لوئس دو، دو سنچریاں بنا چکے تھے۔
شائے ہوپ نے بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی تیسری سنچری بنا کر بھارت کے روہت شرما اور پاکستان کے بابر اعظم کے اعزاز کی برابری بھی کرلی۔ ان کی اس اننگز نے انہیں ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو اور پاکستانی بیٹر صاحبزادہ فرحان سے متعلق ریکارڈز کی فہرست میں بھی شامل کر دیا۔
اس کے علاوہ شائے ہوپ ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے درمیان دوطرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین مرتبہ 50 یا اس سے زیادہ رنز بنانے والے کپتان بھی بن گئے۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے دو ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اس فارمیٹ میں 16 مرتبہ 50 یا اس سے زیادہ رنز بنانے کا کرس گیل کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز اس وقت دو، دو سے برابر ہے۔ سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ 17 اکتوبر کو بینگلور میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیموں کی نظریں سیریز اپنے نام کرنے پر ہوں گی۔