سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا دورہ پاکستان

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کے مطابق، سعودی سفیر اور وزیر مملکت برائے خارجہ کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق عادل الجبیر اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگی صورتحال میں شدت آ رہی ہے۔ گزشتہ روز ایرانی اور سعودی وزرائے خارجہ نے بھارت کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے اہم ملاقاتیں کیں۔

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ نے نئی دہلی کے دورے کے دوران جے شنکر کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا تھا، جس میں خطے کی کشیدگی کو کم کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس پیشرفت کے بعد سعودی وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ دورہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں