مقبول پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی پہلی بھارتی پنجابی فلم ‘سردار جی تھری’ دنیا بھر کے مختلف ممالک سمیت پاکستان میں بھی ریلیز کر دی گئی ہے، تاہم بھارت میں تاحال اس فلم پر نمائش کی پابندی برقرار ہے۔
22 جون کو جب فلم کا ٹریلر جاری ہوا، تو ہانیہ عامر کی جھلک پہلی بار دکھائی گئی، اور ساتھ ہی فلم کے پروڈیوسرز نے اعلان کیا تھا کہ، یہ فلم بھارت کے سوا دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔ ہانیہ عامر کی فلم میں موجودگی کے بعد پروڈیوسر اور خاص طور پر بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کو بھارتی فلم انڈسٹری کی جانب سے مخالفت کا سامنا ہے۔
گزشتہ روز سندھ، پنجاب اور وفاقی فلم سنسر بورڈز نے فلم کو پاکستان میں نمائش کی اجازت دے دی۔ فلم کے پاکستانی ڈسٹریبیوٹر زین ولی، جو ’ولی فلمز‘ کے سربراہ اور فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں، نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔
ہانیہ عامر نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ‘سردار جی تھری ‘پاکستان کے بڑے سینماؤں ، جن میں سینی پیکس، نیوپلیکس (کراچی)، کیو سینماز (لاہور) اور سینٹورس سینی پلیکس (اسلام آباد) شامل ہیں،میں ریلیز کی جا رہی ہے۔
لاہور کے یونیورسل سینما اور اسلام آباد کے سینٹورس سینی پلیکس دونوں نے تصدیق کی ہے کہ، وہ فلم کی نمائش کریں گے، اور یونیورسل سینما میں پہلا شو صبح 11 بجے رکھا گیا ہے۔ تاہم کراچی کی بڑی سینما چین نیوپلیکس نے کہا ہے کہ، انھیں تاحال فلم کی نمائش کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، اور ان کے مطابق، پاکستان میں بھارتی فلموں پر پابندی بدستور نافذ ہے۔
فلم کو گنبیر سنگھ سدھو، منمور سدھو اور دلجیت دوسانجھ نے پروڈیوس کیا ہے، اور اس کی تیاری وائٹ ہل اسٹوڈیوز و اسٹوری ٹائم پروڈکشنز نے کی ہے۔ اگرچہ پروڈکشن ہاؤسز کی جانب سے پاکستان میں ریلیز کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم سینماؤں کی تصدیق سے اندازہ ہوتا ہے کہ، فلم محدود سطح پر پاکستان کے سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔
‘سردار جی تھری’ اگرچہ بھارتی پنجابی زبان کی فلم ہے، لیکن اسے بولی وڈ کے دائرے سے باہر تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ اس کی پروڈکشن کمپنی وائٹ ہل اسٹوڈیوز کینیڈا میں رجسٹرڈ ہے، جو اسے پاکستان میں نمائش کی اجازت حاصل کرنے میں مدد دے رہی ہے، باوجود اس کے کہ، پاکستان میں 2019 سے بھارتی فلموں پر سرکاری سطح پر پابندی عائد ہے۔
گزشتہ کچھ برسوں میں ’جٹ اینڈ جولیئٹ‘ جیسی دیگر پنجابی فلمیں بھی پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کی جا چکی ہیں، اور اب ‘سردار جی تھری’ کی ریلیز نے پاکستانی شائقین کو ایک بار پھر سینما کی طرف متوجہ کر دیا ہے، جو ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی اس جوڑی کو بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔