پاکستان کیمقبول ڈرامہ اداکارہ صنم سعید طویل وقفے کے بعد ٹی وی اسکرین پر واپسی کے لیے تیار ہیں، اور اس بار وہ ڈرامہ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں ایک منفرد کردار کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔
اس سے قبل وہ حال ہی میں جیو ٹی وی کے ڈرامے ’دوسرا چہرہ‘ میں بھی نظر آئیں، جبکہ ان کی آخری نمایاں ٹی وی موجودگی 2019 کے مشہور ڈرامے ’دیدن‘ میں دیکھی گئی تھی۔ پانچ سال سے زائد عرصے کے بعد، صنم اب دوبارہ چھوٹی اسکرین پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
ڈرامے کی نشریات سے قبل، صنم سعید نے انسٹاگرام پر اپنی یادگار کرداروں کی تصاویر کے ساتھ ایک جذباتی پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ، وہ جلد ہی ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں ’مس ماریہ‘ کے کردار میں جلوہ افروز ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ، یہ کردار ناظرین کو پسند آئے گا اور وہ اس کی پزیرائی کی منتظر ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں پاکستانی ٹیلی ویژن کو سب سے مؤثر اور اثر انگیز میڈیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ، ٹی وی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں خالص پاکستانی ٹیلنٹ، شاندار کہانیوں، عمدہ ہدایت کاری، بہترین اداکاری اور دل کو چھو لینے والی موسیقی کے ذریعے بھرپور انداز میں نکھر کر سامنے آتا ہے۔
اداکارہ نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ، وہ نہ صرف ایک بالکل نئی پروڈکشن ٹیم کے ساتھ کام کر رہی ہیں، بلکہ اپنے چند پسندیدہ اداکاروں کے ساتھ بھی پہلی بار پرفارم کر رہی ہیں۔
صنم سعید کی واپسی کے اس ڈرامے میں ان کے ہمراہ ہمایوں سعید اور سجل علی بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔
’میں منٹو نہیں ہوں‘ کو اے آر وائی ڈیجیٹل پر آئندہ ہفتے سے نشر کیا جائے گا اور اس کے جاری کردہ ٹیزرز اور ٹریلر کو پہلے ہی شائقین سے بھرپور داد مل رہی ہے۔