ممبئی پولیس نے بالی وڈ کے معروف اداکار، سلمان خان کو دھمکی دینے والے نوجوان کو گرفتار کرنے کے بعد چھوڑ دیا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس کو دو روز قبل ایک واٹس ایپ پیغام موصول ہوا جس میں نامعلوم شخص نے سلمان خان کو ان کے گھر میں گھس کر قتل کرنے اور ان کی گاڑی کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے کے بعد پولیس نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا اور متعلقہ نمبر کو ٹریس کرتے ہوئے بھارتی ریاست گجرات کے شہر وڈوڈارا سے 26 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ، ملزم کی ذہنی حالت مستحکم نہیں ہے، جس کے پیش نظر پولیس نے اسے نوٹس جاری کرکے رہا کردیا۔
اس واقعے کے بعد ایک بار پھر سلمان خان کی سیکیورٹی کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں، خصوصاً اس لیے کہ، یہ پہلا موقع نہیں کہ، اداکار کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہو۔ گزشتہ دو سال کے دوران یہ پانچواں موقع ہے جب سلمان خان کو کسی نہ کسی انداز میں قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ، سلمان خان اس وقت ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹس میں اپنے خاندان کے ہمراہ مقیم ہیں۔ پچھلے سال بھی ان کے اسی گھر پر بشنوئی گینگ سے وابستہ شوٹرز نے فائرنگ کی تھی، جس کے بعد ان کی رہائش گاہ پر سیکیورٹی سخت کردی گئی تھی۔