بنگلہ دیش میں پاکستان ایجوکیشن ایکسپو کا آغاز، پاکستانی جامعات کے نمائندے شریک

بنگلہ دیش میں پاکستان ہائی کمیشن کے زیرِ اہتمام “پاکستان ایجوکیشن ایکسپو” کا آغاز پیر سے ہو رہا ہے، جس میں پاکستان کی 20 سے زائد معروف سرکاری اور نجی جامعات حصہ لے رہی ہیں۔

یہ تعلیمی نمائش ڈھاکہ سمیت چھ شہروں میں منعقد کی جائے گی، جہاں پاکستانی جامعات کے نمائندے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم، اسکالرشپس اور مختلف شعبوں میں داخلوں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کریں گے۔

یہ اقدام “پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور” منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، تحقیقی اور عوامی روابط کو فروغ دینا ہے۔

ایکسپو کی افتتاحی تقریب ڈھاکہ کے ریڈیسن بلو واٹر گارڈن ہوٹل میں منعقد ہوگی، جبکہ اس کے بعد مختلف جامعات میں سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔

یہ نمائش علامہ اقبال اسکالرشپ پروگرام سے بھی منسلک ہے، جس کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ کو پاکستان کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے لیے 500 مکمل فنڈڈ اسکالرشپس دی جا رہی ہیں۔

ان اسکالرشپس میں سفری اخراجات، ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ اور کتابوں کے اخراجات شامل ہیں، جبکہ طب، انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن، کمپیوٹر سائنس اور ماس کمیونیکیشن سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

ایکسپو میں شرکت کرنے والی پاکستانی جامعات میں نسٹ، لمز، آئی بی اے کراچی، کامسیٹس، فاسٹ، بحریہ یونیورسٹی، ڈاؤ یونیورسٹی اور دیگر اہم ادارے شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں