امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو ہفتے کے روز بھارت پہنچ گئے، جہاں وہ آئندہ ہفتے ہونے والے کواڈ اتحاد کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس دورے کو واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان حالیہ کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر اضافی ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ پیدا ہوا تھا، اور اب امریکا ان تعلقات کو دوبارہ مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مارکو روبیو کا یہ بھارت کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ وہ اپنے چار روزہ دورے کے دوران کولکتہ، آگرہ اور جے پور سمیت مختلف شہروں کا دورہ کریں گے۔ کولکتہ میں وہ مدر ہاؤس کا بھی دورہ کریں گے، جو مدر ٹریسا کی قائم کردہ تنظیم مشنریز آف چیریٹی کا مرکز ہے۔
بھارت میں امریکی سفیر سرجیو گور کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نئی دہلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ اتوار کو بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات بھی ہوں گے۔
منگل کو نئی دہلی میں ہونے والے کواڈ اجلاس میں امریکا، بھارت، آسٹریلیا اور جاپان کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ یہ اتحاد بحرالکاہل خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور جنوبی بحیرہ چین میں اس کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتا رہا ہے۔
چین نے کواڈ اتحاد کو اپنے خلاف دباؤ بڑھانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی فوجی سرگرمیاں صرف اپنے خودمختار حقوق کے تحفظ کے لیے ہیں۔