رانی مکھرجی کی فلم ’مردانی 3‘ کب ریلیز ہوگی؟

بالی ووڈ کی باصلاحیت اور باوقار اداکارہ رانی مکھرجی ایک بار پھر سخت گیر پولیس افسر شیوانی شیواجی راؤ کے روپ میں بڑی اسکرین پر نظر آئیں گی، کیونکہ ان کی مشہور فلم سیریز ’مردانی‘ کا تیسرا حصہ ریلیز کے لیے تیار ہے۔ یش راج فلمز نے اعلان کیا ہے کہ ’مردانی 3‘ 27 فروری 2026 کو ہولی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

فلم کا باضابطہ اعلان یش راج فلمز نے اپنے انسٹاگرام پیج پر فلم کے پوسٹرز شیئر کرتے ہوئے کیا، جن میں ایک پوسٹر پر لکھا گیا: “شمار شروع ہو چکا ہے، مردانی 3 آ رہی ہے!” پوسٹر میں فلم کے ہدایتکار ابھراج مناوالا اور پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا کا نام بھی نمایاں ہے۔

رانی مکھرجی کا کہنا ہے کہ ’مردانی 3‘ ایک سنسنی خیز، خطرناک اور ایکشن سے بھرپور فلم ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فلم کی شوٹنگ اپریل 2025 میں شروع کی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ کردار ان تمام خاموش اور بہادر پولیس افسران کے لیے ایک خراجِ تحسین ہے جو روزانہ عوام کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں۔

یاد رہے کہ ’مردانی‘ سیریز کا آغاز 2014 میں ہوا تھا جب اس کا پہلا حصہ ریلیز کیا گیا، جبکہ ’مردانی 2‘ 2019 میں سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔ اب شائقین کو مردانی 3 کا بے صبری سے انتظار ہے، جس سے ایک بار پھر رانی مکھرجی کا پاور فل انداز دیکھنے کو ملے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں