بھارتی اداکار تیج سپرو نے کہا ہے کہ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران راجیش کھنہ نے انہیں اچانک برا بھلا کہا تھا، تاہم بعد میں انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگی اور معاملہ ختم کر دیا۔
ریڈف پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے تیج سپرو نے کہا کہ راجیش کھنہ کی شخصیت میں تضاد تھا۔ ان کے مطابق شہرت کے عروج پر راجیش کھنہ میں غرور اور تکبر نظر آتا تھا، لیکن اس کے ساتھ ہی وہ انتہائی فیاض انسان بھی تھے۔ تیج سپرو نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں راجیش کھنہ سے زیادہ فیاض شخص کم ہی دیکھا۔
تیج سپرو نے کشمیر میں ایک فلم کی شوٹنگ کا واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دن انہیں اچانک پیچھے سے کسی نے برا بھلا کہا۔ جب انہوں نے مڑ کر دیکھا تو وہ راجیش کھنہ تھے۔ تیج سپرو کے مطابق یہ واقعہ ان کے لیے بہت تکلیف دہ تھا کیونکہ وہ ہمیشہ راجیش کھنہ کو اپنے سے بڑا اور قابلِ احترام اداکار سمجھتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ راجیش کھنہ کی پہلی فلم ان کے والد ڈی کے سپرو کے ساتھ تھی، اسی وجہ سے وہ ان کا خاص احترام کرتے تھے۔ تیج سپرو نے کہا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ کام کرنے والے ہر سینئر اداکار کی عزت کرتے تھے اور کبھی ان سے پہلے کرسی پر نہیں بیٹھتے تھے، اس لیے راجیش کھنہ کے رویے نے انہیں بہت دکھ پہنچایا۔
وہ کہتے ہیں کہ اگلے روز شوٹنگ کے دوران میں نے جان بوجھ کر راجیش کھنہ کو سلام نہیں کیا۔ شاٹ مکمل ہونے کے بعد راجیش کھنہ خود میرے پاس آئے اور معاملہ بھلانے کو کہا۔
تیج سپرو کے مطابق انہوں نے راجیش کھنہ کو بتایا کہ انہیں بغیر کسی وجہ کے برا بھلا کہا گیا تھا، جس پر راجیش کھنہ نے انہیں اپنے ہوٹل آنے کی دعوت دی۔
تیج سپرو نے بتایا کہ وہ بعد میں راجیش کھنہ کے ہوٹل گئے اور دونوں نے پوری رات ایک ساتھ گپ شپ لگائی۔ ان کے مطابق اس ملاقات کے دوران راجیش کھنہ کو احساس ہوگیا تھا کہ ان سے غلطی ہوئی ہے اور اس کے بعد اس واقعے نے دونوں کے تعلقات کو متاثر نہیں کیا۔
تیج سپرو نے کہا کہ راجیش کھنہ کے کیریئر میں تنزلی آنے کے بعد بھی وہ ان سے باقاعدگی سے ملاقات کرتے رہے۔ ان کے خیال میں راجیش کھنہ کے زوال کی ایک وجہ ان کا غرور اور تکبر بھی تھا، خاص طور پر اگر ان کا موازنہ دھرمیندر اور جتیندر جیسے ہم عصر اداکاروں سے کیا جائے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ راجیش کھنہ جیسی مقبولیت اور مداحوں کی تعداد انہوں نے کسی دوسرے اداکار کے لیے نہیں دیکھی۔
راجیش کھنہ پر ماضی میں بھی غرور اور تکبر کے الزامات لگتے رہے تھے۔ 1973 میں بی بی سی کے صحافی جیک پیزی نے اپنی دستاویزی فلم ’بمبئی سپر اسٹار‘ میں راجیش کھنہ کے رویے کو انتہائی متکبرانہ قرار دیا تھا۔ تاہم راجیش کھنہ نے 1994 میں ’آپ کی عدالت‘ میں ایسے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ واقعی متکبر ہوتے تو عوام انہیں اداکار سے اسٹار اور پھر سپر اسٹار نہ بناتے۔