پنجاب میں 11 سے 13 جون تک بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے 11 سے 13 جون تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش، تیز آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے امکان کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ لاہور، سیالکوٹ اور نارووال سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آسمانی بجلی کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور محفوظ جگہوں پر رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گرد و غبار اور تیز آندھی کے باعث بھی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

پی ڈی ایم اے نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متوقع موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں، جبکہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاحوں کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادارے نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں