پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ اگر سابق وزیرِاعظم عمران خان کو آج رات 12 بجے تک ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے میڈیا کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دو دن کے اندر اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم، اس حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر عمران خان کو آج رات 11 بج کر 59 منٹ تک منتقل نہ کیا گیا تو عدالت خود توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کر سکتی ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اگر سپریم کورٹ ایسا نہیں کرتی تو اس صورت میں قانونی ٹیم کی جانب سے تیار کی گئی درخواست کل صبح دائر کی جائے گی۔
یاد رہے کہ 18 اگست کو سپریم کورٹ نے عمران خان کو 48 گھنٹے کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔