پاکستان تحریک انصاف اور وفاقی حکومت کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کے چیمبر میں شروع ہوگئے ہیں، جن میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ، سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتوں اور انھیں طبی سہولتیں فراہم کرنے سمیت مختلف معاملات زیرِ غور ہیں۔
حکومتی وفد کی قیادت سیاسی امور کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کر رہے ہیں۔ حکومتی نمائندوں میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، امیر مقام جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سید نوید قمر، شیری رحمان اور اعجاز جھکڑانی شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ ناصر عباس، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر شامل ہیں۔
قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق مذاکرات میں سہولت کار کی حیثیت سے شریک ہیں۔
مذاکرات میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے علاوہ عمران خان سے پارٹی رہنماؤں اور اہل خانہ کی ملاقاتوں اور سابق وزیر اعظم کو طبی سہولتیں فراہم کرنے سے متعلق معاملات پر بھی بات کی جا رہی ہے۔
اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ احتجاج سے مسائل حل نہیں ہوتے اور مسائل کے حل کا راستہ مذاکرات ہی ہیں۔
عمران خان کے خلاف مقدمات سے متعلق رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ان مقدمات کے فیصلے حکومت نے نہیں بلکہ عدالتوں نے کرنے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں گے۔