پی ایس ایل سیزن 10 کیلئے آج لاہور میں میدان سجے گا

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمے کی ٹیمیں رات 8 بجے مدمقابل ہوں گی۔ ایونٹ میں لاہور قلندرز نے 4 میچ کھیلے جن میں 2 میں کامیابی اور دو میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس وقت ٹیبل پوائنٹس پر لاہور قلندرز کے 4 پوائنٹس ہیں۔

پشاور زلمے نے 4 میچز کھیل کر ایک میں فتح سمیٹی اور تین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس وقت ٹیبل پوائنٹس پر پشاور زلمے کے دو پوائنٹس ہیں۔

گزشتہ روز ایک دلچسپ مقابلے میں، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم، ان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 168 رنز ہی بنا سکی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز بنائے، جبکہ محمد رضوان نے 36 اور یاسر خان نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز میں جیسن ہولڈر، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 18ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں آیندریس گوس کا اہم کردار رہا، جنہوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر ناقابل شکست 80 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کولن منرو نے 45، صاحبزادہ فرحان نے 22 اور محمد نواز نے 21 رنز کی مفید اننگز کھیلیں۔ اس فتح کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں