چیف جسٹس پاکستان کا جنوبی کوریا کا دورہ، دونوں ممالک کی سپریم کورٹس کے درمیان عدالتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے جنوبی کوریا کا دورہ کیا ہے، جہاں پاکستان اور جنوبی کوریا کی سپریم کورٹس کے درمیان دوطرفہ عدالتی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے عدالتی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے تعاون کو وسعت دینا ہے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کی عدلیہ کے درمیان عدالتی وفود کے تبادلوں، پیشہ ورانہ تربیت اور عدالتی تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ الیکٹرانک کورٹ سسٹمز اور اسمارٹ کورٹس کے تجربات اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، تاکہ عدالتی نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جا سکے۔

معاہدے میں عدالتی انتظامی امور میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذمہ دارانہ استعمال اور عدالتی ڈیٹا کے تجزیے کے شعبوں میں تعاون بھی شامل ہے۔ اس اقدام کے ذریعے دونوں ممالک جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے عدالتی انتظام کو بہتر بنانے اور ادارہ جاتی استعداد بڑھانے کے تجربات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط سے قبل پاکستان اور جنوبی کوریا کے چیف جسٹس صاحبان کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، جس میں دوطرفہ عدالتی تعاون، ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور دونوں ممالک کے عدالتی نظاموں کے درمیان تجربات کے تبادلے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں