مسلم لیگ ن کے امیدوار سید افتخار علی گیلانی آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب

مسلم لیگ ن کے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم کے انتخاب میں انہوں نے اسمبلی میں ڈالے گئے 44 ووٹوں میں سے 30 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار مختار احمد عباسی کو 14 ووٹ ملے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری طارق فاروق نے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا۔ اسمبلی کے موجودہ 46 ارکان میں مسلم لیگ ن اور اس کے اتحادیوں کی تعداد 32 جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 14 ہے۔ جمعے کو 44 ارکان نے ووٹ ڈالے، اسپیکر نے ووٹ نہیں دیا جبکہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

افتخار علی گیلانی کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے نامزدگی کا فیصلہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے کیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے اجلاس کے دوران بتایا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے افتخار گیلانی کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم افتخار گیلانی کی نامزدگی پر مسلم لیگ ن کی آزاد کشمیر قیادت میں اختلافات بھی سامنے آئے۔ پارٹی کے علاقائی صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے ابتدائی طور پر فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ بعد ازاں راجہ فاروق حیدر اسمبلی اجلاس میں افتخار گیلانی کے ساتھ ایوان میں داخل ہوئے، جبکہ شاہ غلام قادر انتخابی عمل میں شریک نہیں ہوئے۔

افتخار علی گیلانی 24 اگست کو مخصوص نشست پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے اور اس کے بعد سے انہیں وزارتِ عظمیٰ کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا تھا۔ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں اب تک براہِ راست 38 حلقوں کے نتائج سامنے آئے ہیں، جن میں مسلم لیگ ن نے 25 جبکہ پیپلز پارٹی نے 12 نشستیں حاصل کی ہیں۔ عوامی دست و بازو پارٹی کے واحد منتخب رکن نے بھی مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا ہے۔

آزاد کشمیر میں انتخابات سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کے باعث مختلف مراحل میں منعقد کیے گئے۔ پونچھ اور سدھنوتی کے سات حلقوں میں انتخابات ابھی باقی ہیں، جس کے باعث 53 رکنی اسمبلی کی موجودہ تعداد 46 ہے۔ مخصوص نشستوں میں بھی مسلم لیگ ن نے چھ اور پیپلز پارٹی نے دو نشستیں حاصل کی ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی نے انتخابی عمل میں مبینہ دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں