پائلٹ پاسپورٹ بھول گیا، طیارہ دو گھنٹے بعد واپس لوٹ آیا

لاس اینجلس سے شنگھائی جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائن کی پرواز کو غیرمعمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب پائلٹ کے پاسپورٹ بھول جانے کے باعث جہاز کو دو گھنٹے کی پرواز کے بعد واپس لوٹنا پڑا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دوران پرواز پائلٹ کو احساس ہوا کہ وہ اپنا پاسپورٹ ساتھ لانا بھول گیا ہے، جس کے بغیر چین میں داخلہ ممکن نہیں تھا۔ اس صورتحال کے باعث فلائٹ یو اے 198 کو سان فرانسسکو میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، جس پر 257 مسافروں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

مسافروں کو معاوضے کے طور پر 15 ڈالر کے واؤچرز دیے گئے، تاہم کئی مسافروں نے سوشل میڈیا پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ “ایئرپورٹ پر 15 ڈالر میں صرف پانی کی بوتل ہی آتی ہے۔”

یہ پرواز 22 مارچ کو دوپہر 2 بجے لاس اینجلس سے روانہ ہوئی اور شام 5 بجے سان فرانسسکو میں لینڈ کی، جہاں چھ گھنٹے کی تاخیر کے بعد ایک نئے عملے کے ساتھ طیارہ دوبارہ روانہ ہوا اور 24 مارچ کو 12 بج کر 48 منٹ پر شنگھائی پہنچا۔

یونائیٹڈ ایئرلائنز نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے نیا عملہ تعینات کیا گیا اور تمام متاثرہ افراد کو کھانے کے واؤچرز اور معاوضہ فراہم کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں