جیو نیوز کی معطلی کا معاملہ، پیمرا نے اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی طلب کر لی

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، پیمرا نے نجی نیوز ٹی وی چینل جیو نیوز کی معطلی کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی طلب کر لی ہے۔ پیمرا کی جانب سے کونسل کو لکھے گئے ایک خط میں پوچھا گیا ہے کہ آیا جیو نیوز کی عوامی معافی اور اب تک کی گئی کارروائی اس معاملے میں کافی ہے یا مزید اقدام کی ضرورت ہے۔

پیمرا نے 28 جون کو جیو نیوز کا لائسنس 15 دن کے لیے فوری طور پر معطل کر دیا تھا۔ یہ کارروائی 10 محرم کی خصوصی نشریات میں ایسے مواد کے نشر ہونے پر کی گئی جس کے بارے میں پیمرا کا کہنا تھا کہ وہ ناظرین کے مذہبی جذبات کو مجروح کر سکتا تھا۔

پیمرا کے خط میں اسلامی نظریاتی کونسل سے کہا گیا ہے کہ وہ اسلامی تعلیمات اور احکامات کی روشنی میں رائے دے کہ کیا 15 روزہ معطلی، جیو نیوز کی عوامی معذرت اور اندرونی کارروائی مناسب اور کافی جواب ہے یا مزید ضابطہ جاتی، تادیبی یا قانونی کارروائی ضروری ہے۔ پیمرا نے کونسل سے درخواست کی ہے کہ وہ 7 دن کے اندر، یعنی 8 جولائی تک، اپنی رہنمائی فراہم کرے۔

خط کے مطابق پیمرا نے معاملہ کونسل آف کمپلینٹس کو بھی بھیجا ہے تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ آیا پیمرا آرڈیننس 2002، متعلقہ قواعد و ضوابط اور ضابطۂ اخلاق 2015 کے تحت مزید کارروائی بنتی ہے یا نہیں۔

جیو نیوز نے 28 جون کو جاری بیان میں 10 محرم کی نشریات میں متنازع مواد نشر ہونے کو اپنی غلطی تسلیم کیا تھا۔

چینل کے مطابق نشر ہونے والا مواد عراق اور مشرقِ وسطیٰ کے بعض مقامی رسومات سے متعلق تھا اور اس کا مقصد کسی مذہبی نقطۂ نظر کی نمائندگی، تائید یا تشہیر نہیں تھا۔ جیو نیوز نے کہا کہ یہ مواد ادارے نے خود تیار نہیں کیا تھا اور نہ ہی اسے کسی ارادے کے تحت نشر کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں