فلسطینی سفیر کی بنگلہ دیشی وزیرِ داخلہ سے ملاقات، طلبہ کے لیے آن ارائیول ویزا کی درخواست

فلسطین کے سفیر یوسف ایس وائی رمضان نے بنگلہ دیش سے درخواست کی ہے کہ فلسطینی طلبہ کو پیشگی ویزا حاصل کیے بغیر بنگلہ دیش آنے کی سہولت فراہم کی جائے۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق فلسطینی سفیر نے یہ درخواست جمعرات کو سیکریٹریٹ میں وزیرِ داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کے دوران کی۔ ملاقات میں فلسطینی طلبہ کے لیے ویزا سہولت، باہمی دلچسپی کے امور، امن و امان اور سکیورٹی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فلسطینی سفیر کا کہنا تھا کہ فلسطین کے بڑی تعداد میں طلبہ بنگلہ دیش کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اس لیے ان کی آمد اور تعلیم کو آسان بنانے کے لیے آن ارائیول ویزا کی سہولت فراہم کی جائے۔

وزیرِ داخلہ صلاح الدین احمد نے متعلقہ حکام کو اس معاملے میں ضروری تعاون کی ہدایت کی، تاہم فلسطینی سفیر سے کہا کہ اس حوالے سے باضابطہ درخواست وزارتِ خارجہ کے ذریعے وزارتِ داخلہ کو بھیجی جائے۔

ملاقات کے دوران وزیرِ داخلہ نے کہا کہ بنگلہ دیش فلسطینی عوام کی آزادی اور خودمختار ریاست کے قیام کی جدوجہد کی تاریخی طور پر حمایت کرتا رہا ہے، اور فلسطینی شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

فلسطینی سفیر نے یہ تجویز بھی دی کہ اگر مشرقِ وسطیٰ میں موجود بنگلہ دیشی سفارت خانوں میں کوئی فلسطینی شہری یا طالب علم ویزا کے لیے درخواست دے تو اس کی کاپی ڈھاکہ میں فلسطینی سفارت خانے کو بھیجی جائے تاکہ تصدیق کے عمل میں سہولت ہو سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں