صاحبزادہ فرحان نے ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا

پاکستانی بیٹر صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت کے ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا۔ فرحان نے تین میچوں کی سیریز میں مجموعی طور پر 238 رنز بنا کر دو فل ممبر ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پاکستانی کپتان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔ انہوں نے 79.33 کی اوسط اور 165.27 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے، جس پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے ابھیشیک شرما کے پاس تھا، جنہوں نے رواں سال افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ہوم سیریز میں 229 رنز بنائے تھے۔ فرحان نے 238 رنز کے ساتھ ان سے آگے نکل کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔

صاحبزادہ فرحان نے سیریز کے پہلے میچ میں 53 گیندوں پر 89 رنز کی فیصلہ کن اننگز کھیلی، جس کی بدولت پاکستان نے 183 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ دوسرے میچ میں بھی ان کا بلا خوب چلا اور انہوں نے صرف 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ پاکستان نے اس مقابلے میں 215 رنز بنائے، جبکہ سری لنکن ٹیم 133 رنز تک محدود رہی۔

سیریز کے آخری میچ میں فرحان نے 47 گیندوں پر 76 رنز اسکور کیے، تاہم اس بار ان کی اننگز پاکستان کو فتح نہ دلا سکی۔ پاکستان کے 168 رنز کے جواب میں سری لنکا نے دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا اور سیریز میں اپنی واحد کامیابی سمیٹی۔

آخری میچ میں شکست کے باوجود پاکستان نے سیریز دو ایک سے اپنے نام کی، جبکہ صاحبزادہ فرحان کی مسلسل تین نصف سنچریوں نے انہیں نہ صرف سیریز کا نمایاں بیٹر بنایا بلکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ بھی ان کے نام کر دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں