پاکستانی وزیرِوجیہہ قمر کا سمرقند اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ، یونیورسٹی ریکٹر سے خصوصی ملاقات

پاکستان کی وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے ازبکستان کی سمرقند اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جسور رضائیف سے ملاقات کی اور پاکستان و ازبکستان کے درمیان طبی تعلیم، سائنسی تحقیق اور تعلیمی تعاون کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیرِ مملکت نے یونیورسٹی کے مختلف تدریسی اور تحقیقی شعبوں کا معائنہ کیا، جن میں اناٹومی ڈیپارٹمنٹ، تھری ڈی لیبارٹریز اور جدید طبی تدریسی سہولیات شامل تھیں۔ اس موقع پر اناٹومی ڈیپارٹمنٹ کے استاد ڈاکٹر کلیم رضا بھی موجود تھے، جنہوں نے شعبے کی تدریسی سرگرمیوں اور جدید تعلیمی سہولیات کے بارے میں معلومات فراہم کی۔

ملاقات میں جدید تدریسی طریقوں، بین الاقوامی طلبہ کی تعلیم اور جامعات کے درمیان علمی روابط جیسے امور زیرِ بحث آئے۔ دورے کے اہم حصے کے طور پر وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ سے خصوصی ملاقات کی، جس میں طلبہ نے اپنے تعلیمی مسائل، مستقبل کے پیشہ ورانہ مواقع اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) سے متعلق مختلف سوالات اور تحفظات پیش کیے۔

اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور پی ایم ڈی سی سے متعلق امور کا تجربہ رکھنے والے ممتاز ماہرِ تعلیم، میریٹوریئس پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے طلبہ کی جانب سے پی ایم ڈی سی کے حوالے سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات دیے اور متعلقہ ضابطہ جاتی تقاضوں، میڈیکل تعلیم کی تکمیل کے بعد پاکستان میں پیشہ ورانہ مواقع اور دیگر اہم امور پر رہنمائی فراہم کی۔

پاکستانی طلبہ کے ساتھ ہونے والی نشست میں یونیورسٹی کے بین الاقوامی امور کے وائس ریکٹر فردوس الماسوف، انٹرنیشنل ایجوکیشن فیکلٹی کے ڈین ممرجبوف صابر جان ارگاشووچ، وائس ڈین اکبر اور نگورا اکراموونا بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ پاکستانی سفارت خانے کے فوکل پرسن حماد طارق، ارسل ایجوکیشنل سروسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ذبیح اللہ بلگن اور ان کی ٹیم نے بھی شرکت کی۔

اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور پاکستانی طلبہ کی رہنمائی اور تعاون کے نئے امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے

اپنا تبصرہ لکھیں