ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اقوام متحدہ کے دن کی مناسبت سے تاشقند انٹرنیشنل اسکول میں رنگا رنگ ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں پاکستانی سفارت خانے نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں مختلف ممالک کی ثقافت، روایات اور کھانوں کو متعارف کرایا گیا۔ پاکستان کی جانب سے قائم کیے گئے خصوصی اسٹال پر روایتی دستکاری، کھانوں اور ثقافتی سرگرمیوں نے بڑی تعداد میں شرکا کی توجہ حاصل کی۔
ازبکستان میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ پاکستانی سفارت خانے نے تقریب کے دو اہم حصوں ’پریڈ آف نیشنز‘ اور ’گلوبل ولیج‘ میں شرکت کی۔ اس موقع پر ’میگنیفیسنٹ پاکستان اسٹال‘ کے عنوان سے خصوصی اسٹال قائم کیا گیا، جہاں پاکستان کے فنون، ثقافت اور روایتی کھانوں کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا۔
پاکستانی اسٹال پر رنگ برنگی دستکاری اور روایتی کھانوں کے علاوہ شرکا کے لیے مختلف دلچسپ سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ان سرگرمیوں میں ٹرک آرٹ کی پینٹنگ، اردو میں نام لکھنا، بچیوں اور خواتین کے ہاتھوں پر مہندی لگانا، پتنگ سازی اور کرکٹ کا خصوصی گوشہ شامل تھا۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے غیر ملکی مہمانوں اور بچوں کو پاکستانی ثقافت کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا گیا۔
پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کے مطابق پاکستانی اسٹال تقریب میں توجہ کا مرکز بنا رہا اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شرکا نے پاکستانی دستکاری اور کھانوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ تقریب میں متعدد ممالک کے سفارت خانوں، غیر ملکی برادریوں اور خاندانوں نے شرکت کی، جس سے مختلف ثقافتوں کے درمیان روابط اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ ملا۔
مدثر ٹیپو نے تقریب میں شریک دیگر ممالک کے قومی اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور مختلف سفیروں اور سفارتی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے اس ثقافتی اجتماع کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ تقریب نے اقوام متحدہ کے بنیادی جذبے، ثقافتی تنوع اور مختلف قوموں کے درمیان باہمی روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پاکستانی سفارت خانے کی شرکت نے ازبکستان میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، فنون اور روایات کو متعارف کرانے کا ایک اہم موقع فراہم کیا۔