‘پاکستان اور امریکا کی شراکت داری نہایت اہم ہے’، محسن نقوی کی امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے سربراہ کاش پٹیل سے ملاقات

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ، ایف بی آئی کے سربراہ کاش پٹیل سے ملاقات کی ہے۔ دونوں کے درمیان ایف بی آئی کے صدر دفتر میں ملاقات ہوئی، جہاں کاش پٹیل نے محسن نقوی کی میزبانی کی۔

ملاقات میں کاش پٹیل نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون کو سراہا۔ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کی شراکت داری نہایت اہم ہے اور دونوں ممالک مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

بیان کے مطابق، ملاقات میں دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے، سائبر جرائم کی تحقیقات، وسائل کی فراہمی اور خصوصی تربیت جیسے امور پر گفتگو ہوئی۔

کاش پٹیل کے مطابق دونوں فریقین نے اندرون ملک اور بیرون ملک تحقیقات میں تعاون بڑھانے سے متعلق اہم بات چیت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی گزشتہ ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کے پولیس سربراہان کے پانچویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے بعد واشنگٹن پہنچے تھے۔ اس اجلاس کے موقع پر انہوں نے کئی علاقائی اور عالمی حکام سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں