پاکستان: بجلی کے نرخوں میں کمی، اسٹاک مارکیٹ نئی بلندی کو چھو گئی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان مسلسل جاری ہے اور جمعہ کے روز بھی مارکیٹ میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران حصص کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا، اور انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری دن کے آغاز میں ہی اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ صبح 10 بجے کے قریب بینچ مارک ’کے ایس ای 100‘ انڈیکس میں ایک ہزار 855 پوائنٹس یعنی 1.56 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے انڈیکس 1 لاکھ 20 ہزار 793 کی سطح پر جا پہنچا۔ گزشتہ روز مارکیٹ 1 لاکھ 18 ہزار 938 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، یوں ایک ہی دن میں مارکیٹ نے ایک نئی بلندی کو چھو لیا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو محمد سہیل نے اس نمایاں بہتری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ، عالمی مالیاتی منڈیوں میں گراوٹ کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان برقرار ہے۔ ان کے مطابق، حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کمی، صنعتی شعبے کے لیے بہتر آمدنی کی توقعات اور گردشی قرضے کے مسائل حل کرنے کے وعدے نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کر دیا ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کے نرخوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا۔ اس بڑے ریلیف پیکج کے تحت عوام کو مہنگے بجلی بلوں کے بوجھ سے کچھ ریلیف ملے گا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو اس کٹوتی پر آمادہ کرنا آسان نہیں تھا، لیکن حکومت نے اس حوالے سے بھرپور کوشش کی۔
مزید برآں، وزیراعظم نے صنعتوں کے لیے بھی بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا، جسے صنعتی شعبے کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ، حکومت کے ان اقدامات نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے، جس کی بدولت مارکیٹ میں مسلسل تیزی کا رجحان جاری ہے۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں