پاکستان نے بھارت کے حملے کا جواب دیتے ہوئے دفاعی کارروائی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارتی سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان پر حملے کی کوشش کرنے والے پانچ بھارتی جنگی طیارے پاکستانی دفاعی نظام کی بروقت اور مؤثر کارروائی کا نشانہ بنے اور تباہ کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق، تباہ کیے گئے طیاروں میں بھارتی فضائیہ کے جدید ترین تین رافیل طیارے، ایک مگ 29 اور ایک SU-30 شامل ہیں۔ یہ طیارے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملہ آور ہونے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں پاک فضائیہ کے ماہر پائلٹس اور جدید دفاعی نظام نے نشانہ بنایا۔
اس کے علاوہ، پاکستان نے بھارت کا ایک “ہیرون” ڈرون بھی مار گرایا جو پاکستانی حدود میں معلومات اکٹھا کرنے کے مشن پر تھا۔ پاک فضائیہ کی فوری کارروائی کے نتیجے میں یہ ڈرون مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھی افواجِ پاکستان نے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے دشمن کی متعدد پوسٹوں کو کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔ ان کارروائیوں میں بھارت کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق، بھارت کی ہر جارحیت کا جواب فوری اور پوری قوت سے دیا جا رہا ہے۔ افواجِ پاکستان مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں اور ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر دشمن نے جارحیت کی کوشش کی تو اسے ہر بار اسی طرح مؤثر جواب دیا جائے گا۔
عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مصدقہ ذرائع سے اطلاعات حاصل کریں۔ پاکستانی عوام کا حوصلہ بلند ہے اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔