مالی سال 2024-25 کے اختتام پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 30 جون 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 38.3 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں، جو کہ گزشتہ مالی سال کے 30.3 ارب ڈالر کے مقابلے میں 26.6 فیصد زیادہ ہیں۔
صرف جون 2025 کے مہینے کے دوران بیرون ملک پاکستانیوں نے 3.4 ارب ڈالر وطن بھیجے، جو کہ گزشتہ سال جون کے مقابلے میں تقریبا8 فیصد زیادہ ہے۔ ماہانہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ، ترسیلاتِ زر میں سب سے بڑا حصہ سعودی عرب سے آیا جہاں سے 82 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔
اس کے بعد متحدہ عرب امارات سے 71 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 53 کروڑ ڈالر اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ سے 28 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔