وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سمیت اعلیٰ سطح وفد کی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جمعے کے روز تہران میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اعلیٰ وفد کے ہمراہ خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کیا، ان کے لیے فاتحہ خوانی کی اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ پاکستانی وفد نے ایرانی صدر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے تعزیت بھی کی۔

واضح رہے، آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں قتل کیے گئے تھے۔

خامنہ ای کی میت جمعے کو تہران کے امام خمینی گرینڈ مصلیٰ پہنچائی گئی، جہاں غیر ملکی وفود، مذہبی شخصیات، ایرانی حکام اور شہریوں نے ان کا آخری دیدار کیا۔ خامنہ ای کا جسد تین روز تک تہران کے گرینڈ مصلیٰ میں رکھا جائے گا، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد متوقع ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق خامنہ ای کی سرکاری آخری رسومات ہفتے سے شروع ہوں گی، جن میں تقریباً 30 ممالک کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔

آخری رسومات کا سلسلہ تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد تک جاری رہے گا۔ خامنہ ای کی تدفین 9 جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں امام رضا کے روضے کے احاطے میں کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر تہران پہنچے، جہاں انہوں نے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ایران پہنچے جہاں ایرانی حکام سمیت وزیر داخلہ پاکستان محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایران کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعظم کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نیر بخاری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ایران گئے۔

سینیٹ چیئرمین یوسف رضا گیلانی بھی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تاکہ آخری رسومات اور نماز جنازہ میں شرکت کر سکیں۔

پاکستانی وفد نے ایران کے عوام اور قیادت کے ساتھ اس موقع پر یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ کھڑا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں