وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف 6 سے 8 اگست 2026 تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق ایک اعلیٰ سطح وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر وفاقی وزرا شامل ہوں گے۔
بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار مدینہ منورہ سے وفد میں شامل ہوں گے، جہاں انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے اردن کا دورہ مکمل کرنے کے بعد مختصر قیام کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جو کئی دہائیوں کے باہمی اعتماد، تعاون اور بھائی چارے پر قائم ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ یہ دورہ خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں ہو رہا ہے، تاہم اس کی اہمیت فوری بحرانوں اور مختصر مدتی معاملات سے کہیں زیادہ ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط، اسٹریٹجک تعاون گہرا، علاقائی اور عالمی امور پر رابطہ بہتر اور کثیرالجہتی تعاون مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔